ٹی وی ون کی رنگارنگ عید نشریات اختتام پذیر

ٹی وی ون کی کھڑکی توڑ خصوصی عید نشریات اپنے تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں جس نے ناظرین کو مسلسل تین دن تک اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ رنگ سجا ہے عید کا کے نام سے منفرد نشریات نے میڈیا انڈسٹری میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

عید کے تیسرے روز کی نشریات میں سب سے زیادہ دلچسپ چیز فیشن پاکستان ویک تھی جس کو ناظرین میں بھی بے پناہ پذیرائی ملی۔ اگر چہ یہ فیشن شو دوماہ پہلے ریکارڈ ہوچکا تھا لیکن پہلی مرتبہ مکمل پروگرام نشر کیا گیا۔  فیشن شوختم ہوچکا لیکن اپنی  ندرت اور اچھوتے پن کے باعث اب بھی موضوعِ گفتگو بنا ہوا ہے۔

فیشن پاکستان ویک  میں ڈیزائنرز کی جانب سے نت نئے ملبوسات کا زبردست کلیکشن پیش کیا گیا ۔ جھل مل کردہ ملبوسات زیب تن کیے ماڈلز اور اداکاروں نے ریمپ پر خوب چار چاند لگائے ۔تمام ڈیزائنرز نے اپنی رنگا رنگ اور شاندار کلیکشنز پیش کی، جس میں معاشرتی حالات کے منظر نامے سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے شعور و آگاہی پھیلانے کی بھی کوشش کی گئی،اگر یہ کہا جائے کہ فیشن اب صرف دِکھتا ہی نہیں بلکہ سماجی مسائل کے لیے آواز بھی اٹھاتا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔

فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلیو) میں جہاں موسم بہار و گرما کی مناسبت سے فیشن کے نئے انداز متعارف کروائے گئے، وہیں خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے پیغام کی جانب بھی سب کی توجہ مرکوز کروائی گئی، پہناووں کے بہترین اسٹائل کے آئیڈیاز دیئے گئے اور حب الوطنی کا پیغام دیا گیا۔