ڈرامہ سیریل جلتی بارش پر تبصرہ

ڈرامہ سیریل جلتی بارش ٹی وی ون کا سوپ ڈرامہ سیریل ہے جسے بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر پرائم ٹائم میں نشر کیا جا رہا ہے، جلتی بارش سیما طاہر خان کی شاندار پیشکشوں میں سے ایک ہے، ڈرامے کی کہانی ہما حنا نفیس نے لکھی ہے، ڈرامے میں نعمان حبیب، مریم تیوانا، انمول، سمعیہ، نوید رضا اور اختر حسین نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔




ڈرامہ سیریل جلتی بارش کی اب تک 55 قسطیں نشر ہو چکی ہیں،ڈرامے کی کہانی دو بہن بھائی حورم اور علمان کی ہے جو اپنی خوشیوں اور غموں کوایک دوسرے کے ساتھ بانٹتے ہیں، کہانی میں اہم موڑ اس وقت آتا ہے جب علمان اپنی پسند ریمل سے شادی کرنے کا فیصلہ کرتا ہے جو حورم کو پسند نہیں آتا لیکن وہ بھائی کی خوشی کی خاظر خاموشی اختیار کیے رکھتی ہے،اسی دوران حالت پلٹا کھاتے ہیں اور علمان اور ریمل کے درمیان ثروت آ جاتی ہے، علمان، ثروت کو پاشا نامی غنڈے سے بچانے کے لیے ثروت سے نکاح کر لیتا ہے جو حورم کی دوست بھی ہے۔

ثروت اور علمان کے نکاح کی خبر سن کر پاشا زخمی شیر کی مانند بدلہ لینے کا سوچتا ہے اور علمان کو تکلیف پہنچانے کے لیے حورم کا اغوا کر لیتا ہے، اور علمان کو دھمکی دیتا ہے کہ اگر علمان نے ثروت کو نہ چھوڑا تو نتائج اچھے نہ ہونگے، دکھ اور پریشانی کی اس گھڑی میں ثروت نا صرف علمان کا پورا ساتھ نبھاتی ہے، بلکہ حورم کو بھی زندگی کی جانب واپس لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔




حورم کی زندگی میں زوار کی آمد تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوتی ہے، لیکن زوار کے والدین زوار کی شادی حورم کے بجائے اپنی من پسند لڑکی سے کرنا چاہتے ہیں، لیکن اپنے بیٹے زوار کی پسند کے آگے ہار مان کر حورم کا رشتہ مانگنے جاتے ہیں عین اسی وقت انہیں معلوم ہوتا ہے کہ حورم گھر پر نہیں ہے جسے وہ اپنی بے عزتی سمجھتے ہیں اور ناراض ہو کر واپس چلے جاتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا علمان کا ثروت کی جانب جھکائو محض ہمدردی کا جذبہ ہے یا محبت ؟ کیا علمان اپنی بہن حورم کو زمانے کی سوالیہ نگاہوں سے بچا پائے گا یا نہیں؟ یہ تو جلتی بارش کی آئندہ کی قسط میں ہی معلوم ہو گا تو دیکھنا نہ بھولیے جلتی بارش ہر پیر کی رات 9بجے صرف ٹی وی ون پر۔