کشمیری لڑکی کی حمایت، اداکارہ کو مسلمان سے شادی کا طعنہ

کشمیری لڑکی کی حمایت، اداکارہ کو مسلمان سے شادی کا طعنہ

April 16, 2018 | 3222 Views

تحریر:موسیٰ غنی

جنت نظیر وادیِ مقبوضہ کشمیر میں 8 سالہ بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور سفاکانہ قتل پر جہاں دنیا بھر میں کہرام مچاہوا ہے وہیں بالی ووڈ ستارے اور پاکستان شوبز انڈسٹری کے تعلق رکھنے والے افراد بھی غم سے نڈھال ہیں۔واقعے کی شدید مذمت کی جارہی ہے اور ملزمان کو جلد کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے ریلیاں اور مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھئیے:شام میں مظالم کے خلاف پاکستانی فنکار میدان میں آگئے

بھارت میں ہندو انتہاء پسندوں کی جانب سے بالی ووڈ ستروں کی آواز اٹھانےپر شدید تنقید کا نشانہ بنیا جارہا ہے،انتہاء پسندوں کی جانب سے آصفہ بانو قتل کو پاک بھارت جنگ کے تناظر میں پیش کیا رہا ہے جبکہ آوازبلند کرنے والے اسٹارز پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پاکستان کے معروف کرکٹراور سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی تنقید کی زد میں رہے جبکہ اب بھارت میں انتہاء پسندوں کی جانب سے بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور اور سوارا بھاسکر بھی تنقید کی زد میں آگئیں ہیں۔

انتہاء پسندوں نے بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا پر تنقید کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کرنے اور بھارتی نہ ہونے کا طعنہ دیا گیا اور اب اس کی زد میں بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان آئی ہیں۔حال ہی میں کرینہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ مقبوضہ کشمیر کی بچی آصفہ کی حمایت میں ایک پلے کارڈ اٹھائے نظر آئی تھیں۔

کرینہ کی اس تصویر پر ایک انتہا پسند ہندو ٹوئٹر صارف ہرش وردھن نے لکھا، ‘کرینہ کو اس بات پر شرم آنی چاہیے کہ ہندو ہونے کے باوجود انہوں نے ایک مسلمان سے شادی کی، ان دونوں کا ایک بچہ بھی ہے، جس کا نام ایک جابر مسلم بادشاہ کے نام پر تیمور رکھا گیا ہے۔’

یاد رہے کہ کرینہ کپور نے اکتوبر 2012 میں سیف علی خان سے شادی کی تھی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے، جس کا نام تیمور علی خان ہے۔اس سے قبل بھی کرینہ کوسیف سے شادی اور تیمور کا نام رکھنے کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ہرش وردھن کی اس ٹوئیٹ کا جواب، فلم ‘ویرے دی ویڈنگ’ میں کرینہ کی ساتھی اداکارہ سوارا بھاسکر نے دیا اور لکھا، ‘کرینہ کے بجائے آپ کو اس دنیا میں اپنی موجودگی پر شرم آنی چاہیے، خدا نے آپ کو دماغ دیا تھا، جسے آپ نے نفرت سے بھر دیا، جس کا اظہار آپ اپنے منہ کے ذریعے کرتے ہیں، آپ بھارت اور ہندوؤں کے لیے باعث شرم ہیں۔’

مزید پڑھئیے:کشمیری بچی کا ریپ، آفریدی سمیت بھارتی اداکار افسردہ

واضح رہے کہ رواں برس 17 جنوری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے کٹھوا میں ایک 8 سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کے بعد بہیمانہ انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔جس پر پاکستان کی آواز شاہد آفریدی نے اپنے دوست اور بالی ووڈ اداکار فرحان اختر کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا تھاجبکہ اس ظلم و زیادتی پر عامر خان، انوشکا شرما اور کرینہ کپور سمیت بالی وڈ کے متعدد اسٹارز نے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔

Advertisement