ڈرامہ سیریل ادھوری کہانی: کیا شرجیل اور نتاشا کا کھیل اب ختم ہوگیا؟

ٹی وی ون کے ڈرامہ سیریل ادھوری کہانی کی قسط نمبر 24 نشر کی گئی، نئی نشر ہونے والی قسط کے آغاز میں ہی شرجیل صاحب پر ثنا اور اسد نے ایسا بم گرایا کہ وہ سنبھل ہی نہیں پائے، اسد اور ثنا نے اچانک زیبا کی کمپنی کو دوبارہ سے جوائن کر لیا ۔ یہ بات شرجیل صاحب کو ہضم نہیں ہوئی۔ اسد کو یہ بات محسوس ہوجاتی ہے کہ شرجیل کو اس کا دوبارہ سے آفس آنا انتہائی ناگوار گزرا ہے۔

اسد آفس میں گزشتہ برس کی بینک اسٹیٹمنٹ پڑھتا ہے اور اس پر یہ انکشاف ہوتا ہے کہ اس کے جانے کے بعد سے ایک خطیر رقم کسی انجان کے اکاؤنٹ میں ڈلوائی جا رہی تھی۔اسد آفس میں کام کرنے والے ناصر سے اس کے متعلق سوال کرتا ہے جس کے جواب میں ناصر اسے یہ کہہ کر ٹال دیتا ہے کہ وہ رقم منافع کی ہے اور وہ ثنا کے اکاؤنٹ میں بھجوائی جا رہی ہے۔

اگلے روز اسد ناصر کو کٹہرے میں لاکھڑاکرتا ہے اور ناصر خاموشی اسد کی کڑوی کسیلی باتیں سنتا رہتا ہے۔ نتاشا ناصر کو بچانے کی کوشش کرتی ہے اور اسد کو کہتی ہے کہ اسے ایک موقع دیا جائے وہ ناصر سے پوچھتی ہے کہ اس نے پیسہ کہاں چھپایا ہے؟ ناصر نتاشا کو صاف کہہ دیتا ہے کہ اگر اسے معاملے میں پھنسایا گیا تو وہ بتا دے گا کہ وہ یہ سب کس کے کہنے پر کر رہا ہے۔ دوسری جانب نتاشا اس معاملے کے اٹھنے کے بعد بے حد پریشان ہو جاتی ہے۔