مریم پریرا کی پہلی قسط نشر، ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی

مریم پریرا کی پہلی قسط نشر، ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی

October 11, 2018 | 1109 Views

انتظار کی گھڑیاں بالآخر ختم ہوئیں۔ ظلم کے اندھیروں میں محبت کا چراغ جلانے والی مریم پریرا  آئی اور چھاگئی۔ ڈرامہ سیریل مریم پریرا کی پہلی قسط  نشرہوئی ، جس کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی  ملی۔مرکزی اداکارہ سعدیہ خان کی جاندار انٹری نے آغاز میں ہی ناظرین کو  اپنی گرفت میں لے  لیا۔

ڈرامہ کی ہدایت کاری سے لیکرایڈیٹنگ، اسکرپٹ، اداکاری، منظر کشی، غرض ہر شعبہ میں بھرپور محنت کی گئی ہے، کہیں پر  جھول نظر نہیں آتا۔ ہر منظر کو بہترین انداز میں فلمایا گیا ہے۔  ہدایت کار نے ناظرین کی دلچسپی بڑھانے کا پورا خیال رکھا ہے ۔ جبکہ رائٹر نے کہانی کچھ اس انداز میں لکھی ہے کہ تجسس بڑھتا ہی چلاجاتا ہے۔

اس میگا سیریل کا پورا کریڈیٹ سیما طاہر خان کو جاتا ہے جنہوں نے اس ڈرامہ کا سینٹرل آئیڈیا دیا۔ اس  سے قبل بھی  معاشرتی موضوعات پر  کئی شاہکار ڈراموں کا سہرا اُن ہی کو جاتا ہے۔مریم پریرا کی کہانی صف اول مصنفہ رفعت سراج نے تحریر کی۔ اسکرپٹ ڈائر یکٹر کے فرائض خلیل اللہ فارقی نے انجام دیے۔ ڈرامہ میں احسن خان، سعدیہ خان، عماد عرفانی  نے مرکزی کردار ادا کیا۔ جبکہ دیگر کاسٹ میں رشیدناز، ایوب کھوسہ،سیمی راحیل ، فرحین اقبال اور لیلیٰ زبیری اپنی جانداراداکاری کے ذریعے ڈرامہ میں جان بھر دی۔

مریم اور سفیان ایک دوسرے سے بے پناہ محبت کرتے ہی۔ ڈرامہ کے آغاز میں سفیان مریم کو فون کرتا ہے اور ملنے آنے کے لیے زور دیتا ہے ، لیکن مریم اسے  ٹال دیتی ہے۔  دوسری جانب  صادق خان  حاکم علی خان کو لالچ دیتا ہے کہ  اگر کرسچن کالونی کو ہٹا دیا جائے تو ہمیں کوڑوں روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔ کیوں کہ جس جگہ یہ کالونی آباد ہے وہ ایک پرائم لوکیشن ہے۔ اور حاکم علی خان صادق خان کی یہ  بات فوراً مان لیتا ہے۔

حاکم علی خان اپنے بیٹے علی کے  باہر ملک سے پڑھائی مکمل کرنے کے بعد واپس  وطن پہنچے پر پھولے نہیں سماتا۔ ادھر صادق خان کی نظر مریم پر پڑتی اور وہ پھلوں سے بھرا ٹوکرا لیکر اس کے گھر آن پہنچتا ہے۔ مریم سفیان سے ملنے اس کے گھر پہنچتی ہے اور اس کو معلوم ہوتا ہے کہ سفیان کی شادی اس کے تایا زاد سے ہورہی ، یہ بات اس پر بجلی بن کر گرتی ہے۔ لیکن سفیان مریم کو اعتماد میں لیتا ہے کہ وہ اس پورے معاملے کا علم نہیں رکھتا۔

Advertisement