سردی کے موسم میں جلد کی حفاظت کے 7 انمول ٹوٹکے

سردی کے موسم میں جلد کی حفاظت کے 7 انمول ٹوٹکے

January 7, 2019 | 1134 Views

موسم سرما عموماً لوگوں کا پسندیدہ موسم شمار کیا جاتاہے، لوگ اس موسم کو انجوائے کرتے ہیں، اس موسم کے خاص پھل، ڈرائی فروٹ اور خاص ڈشز بنائی جاتی ہیں اور بھرپور انداز میں اس سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔ سرد موسم میں جہاں جسم کو سردی سے بچانے کے لیے گرم لباس کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح جلد کی حفاظت بھی بہت ضروری ہوتی ہے۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ سردی کے موسم میں جلد کی حفاظت  کیسے کر سکتے ہیں۔

خواتین اگر موسم سرما میں اپنی جلد کو کسی نقصان سے بچانا چاہتی ہیں یا اسے صاف شفاف اور ملائم دیکھنا چاہتی ہیں تو ان سات اہم نسخوں پر عمل کریں۔

موسم سرما میں جلد کی حفاظت کے نسخے

نیم گرم پانی کا استعمال

سرد موسم میں ویسے بھی ٹھنڈے پانی سے ہاتھ منہ دھونے میں دقت محسوس ہوتی ہے، نیم گرم پانی جلد کے مردہ خلیوں کو بحال کرتا ہے، جس سے جلد میں چمک نظر آتی ہے اور چہرہ تازہ دکھائی دیتا ہے۔ واضح رہے کہ پانی ہلکا گرم ہونا چاہیے۔

ویسلین کا استعمال

اگرآپ کی ایڑھیاں پھٹ رہی ہیں اور ان میں گرد وغبار جمع ہوگیا ہے اور وہ خشک اور سیاہ نظر آرہی ہیں تو گھبرانے کی کوئی بات نہیں، رات کو سونے سے قبل اچھی طرح پیروں کو نیم گرم پانی سے دھوئیں، اس پر اچھی اور معیاری ویسلین لگائیں، خاص طور پر ایڑھیوں پر زیادہ لگائیں اور پھر موزے پہن کر سوجائیں، حیرت انگیز طور پر آپ پریشانی سے نجات حاصل کرلیں گے۔

ہونٹوں کی خشکی کے لیے

سردیوں میں ہونٹ خشک ہوجاتے ہیں جو دیکھنے والوں کو بھی اچھے نہیں لگتے، ہونٹوں کی جلد خشک ہو کر جھڑنے بھی لگتی ہے اور بعض اوقات تو ہونٹوں پر زخم بھی بن جاتے ہیں، سرد موسم میں اس مشکل سے نجات حاصل کرنے کے لیے بالائی میں لیموں اور عرق گلاب شامل کر کے رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر لگا لیں، ہونٹ نرم و ملائم اور گلابی ہوجائیں گے۔

چہرے کی جلد کے لیے

گھریلو اور ملازمت پیشہ خواتین کو سرد موسم میں جلد کی حفاظت ایک نئی صورت حال سے آشنا کرتی ہے، انھیں میک اپ بھی قائم رکھنا ہوتا ہے اور جلد بھی خشک اور کھردری ہوجاتی ہے ایسے میں خواتین کو چاہیے کہ وہ میک اپ کی جو بھی پروڈکٹ استعمال کر رہی ہیں وہ جلد کے کسی ماہر ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق استعمال کریں ۔

خشک بالوں کے لیے

سرد ہوائیں چہرے کی جلد کو ہی نہیں بلکہ بالوں کی جلد کو بھی خشک کردیتی ہیں، بال روکھے، کمزور اور بے جان ہونے لگتے ہیں، ایسے میں بالوں کی نمی اور نشوونما کے لیے مونگ پھلی کے تیل کا استعمال حیرت کن ثابت ہوتا ہے، مونگ پھلی کے تیل کی مالش بالوں کو سیاہ اور گھنا بنانے کے علاوہ خشکی سے بچا کر نمی مہیا کرتا ہے۔

سیاہ اور کھردری کہنیاں

اگر آپ کی کہنیاں سیاہ اور کھردری ہیں اور ایسے میں موسم سرما بھی آن پہنچا ہے تو احتیاط کیجیے، خشک ہوائیں آپ کی جلد کو مزید خشک کر کے کہنیوں کو سیاہ بنا سکتی ہیں، ایسے میں احتیاط کی بہت ضرورت ہے اور گھریلو نسخے کے طور پر اگر لیموں اور چینی کا اسکرب استعمال کیا جائے تو موسم سرما میں آپ کی کہنیاں کھردری اور سیاہ ہونے سے بچ جائیں گی۔

غذا کا استعمال

جلد کی خشکی کی وجہ سرد ہواؤں کے علاوہ جسم کا اندرونی نظام بھی ہوسکتا ہے، خاص طور پر کچھ خواتین اپنی خوراک میں ایسی غذا نہیں لیتیں جو جلد کی نمی اور اس کو خوبصورت بنانے میں اہم ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے جلد میں نمی ختم ہونے لگتی ہے اورجلد خشک اور کھردری ہوجاتی ہے، کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور رس دار پھل کھائیں، تاکہ جسم میں پانی کی کمی پوری ہو اور جلد تن درست، توانا اور شگفتہ اور شاداب نظر آئے۔

Advertisement